وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کاحجاج کیلئے مثالی اقدامات کرنے پر خادم حرمین الشریفین، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی سفیر، علما کرام اور تمام متعلقہ اداروں سے اظہارتشکر

4
Sardar Muhammad Yusuf
Sardar Muhammad Yusuf

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے منگل کو یہاں مرکزی جمیعت اہل حدیث اور حافظ عبدالکریم کی جانب سے کامیاب حج کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خادم حرمین الشریفین، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی سفیر، علما کرام اور تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سینیٹر حافظ عبدالکریم، مولانا علی محمد ابو تراب کی رہنمائی پر خصوصی طور پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی میں حج انتظامات مزید مؤثر بنے۔ انہوں نے مولانا عبدالغفور سمیت دیگر علمائے کرام اور رضا کاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حجاج کرام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھا۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حج انتظامات ہمیں سپرد کیے۔ انہوں نے بتایا کہ خود دو مرتبہ سعودی عرب جا کر وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ پاکستانی حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی واضح ہدایات پر سعودی حکومت نے حجاج کے لیے مثالی سہولیات فراہم کیں۔ سعودی سفیر نے پاکستانیوں کے لیے سہولتوں میں بھرپور کردار ادا کیا اور عملاً پاکستانی سفیر اور نمائندے کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ حج کے لیے لاہور اور پشاور سے بھی روٹ مکہ پراجیکٹ کے تحت سفر کا آغاز کیا جائے گا جس سے حجاج کرام کو مزید سہولت ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دیرینہ اور برادرانہ ہیں۔ سعودی قیادت کے جذبات مسلمانوں کے لیے بے مثال ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عمرہ اور حج کی نسبت سے تعلقات کبھی ختم نہیں ہوں گے۔انہوں نے حج کے دوران ٹرانسپورٹ، رہائش اور دیگر سہولیات کے انتظامات کو مثالی قرار دیا اور تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد پیش کی۔ سردار محمدیوسف نے بتایا کہ سعودی حکومت نے 12 ذوالحجہ کو حج پالیسی کا اعلان کر دیا ہے اور وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سعودی حکومت سے مکمل تعاون کے ساتھ ان کے قواعد و ضوابط کے مطابق حج پالیسی مرتب کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سعودی وفد سے آج ملاقات بھی ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی اور سعودی سفیر بھی شریک تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس سے قبل سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے امت مسلمہ کی وحدت، ترقی و خوشحالی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ نیز خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے ضیوف الرحمن کی آسائش اور سہولیات میں جدت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس سے قبل دیگر مقررین نے حج کے حوالے سے بہترین انتظامات پر پاکستان اور سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حجاج پاکستان کے لیے قابل قدر کوششیں کیں۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث اور پاک سعودی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام حج کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، مہمان اعزاز سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی تھے جبکہ صدارت امیر جمعیت اہل حدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا عتیق الرحمن شاہ اور پروفیسر سجاد قمر نے انجام دیئے ۔

کانفرنس سے سیکرٹری جنرل جمعیت علماء اسلام مولانا عبدالعفور حیدری،صدر پاک سعودی یکجہتی کونسل مولانا علی محمد ابو تراب، سیکرٹری جنرل پاک سعودی یکجہتی کونسل مولانا فضل الرحمن خلیل امیر جمعیت علماء اسلام س مولانا عبدالحق ثانی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، سیکرٹری جنرل جمعیت اہل حدیث مولانا عبدالرشید حجازی، مولانا سبطین شاہ نقوی، مفتی فیروز الدین ہزاروی، مولانا شفیق الرحمن علوی ،حافظ فیصل افضل نے خطاب کیا۔