وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا عالمی حسینیہ کانفرنس سے خطاب

97

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر شیلنگ کر رہا ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا تاہم اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ملکی دفاع کیلئے سول و عسکری قیادت متحد ہے، یورپ میں مسلمانوں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، ہم متحد ہو کر اغیار کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو دو روزہ 39 ویں سالانہ عالمی حسینیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مشاورت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنی جان کی قربانی دے کر اسلام کو زندہ رکھا، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلیں۔