لاہور۔25اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ ولی نے جمعہ کے روز بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام قصور کیمپ کا دورہ کیا ۔وفاقی وزیر نے کیمپ میں خواتین کو پیسوں کی ترسیل کا جائزہ لیا،تمام کائونٹرز کو چیک اورخواتین کو درپیش مسائل دریافت کئے ۔
اس موقع پر وفاقی وزیرسید عمران احمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا پارٹی قائد محمد نواز شریف اوروزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عزم ہے، حکومت عام آدمی کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت مہنگائی میں کمی اور معیشت میں استحکام آیا ہے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ سوچ کے نتیجہ میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ، معاشی اعشاریے مثبت اور دنیا پاکستان کی معیشت کی معترف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج ہورہے ہیں۔وفاقی وزیرنے کیمپ میں موجود خواتین کے بیٹھنے کیلئے مناسب سہولیات کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587907