19.8 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 20, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین...

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں افطار ڈنر کی تقریب میں شرکت

- Advertisement -

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے بدھ کو یہاں پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں افطار ڈنر کی تقریب میں شرکت کی۔پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا پاکستان سویٹ ہوم پہنچنے پر استقبال کیا۔ چوہدری سالک حسین نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طلبہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے بے سہارا بچوں کی سرپرستی کرنے اور انہیں معاشرہ کا مفید شہری بنانے میں پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کے کردار کو بھی سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم یتیم بچوں و بچیوں کی پرورش کا بہترین ادارہ ہے، پاکستانی معاشرے میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی انتہائی ضروری ہے،آج کا نوجوان ملکی سیاستدانوں سے بھی کسی حد تک نالاں ہے۔ ایک دور تھا جب نوجوانوں کو فتنہ و فساد کے خوف کی وجہ سے سیاست سے دور رہنے کی تلقین کی جاتی تھی،موجودہ دور میں نوجوانوں کی سیاست میں دلچسپی ایک خوش آئند بات ہے، آج کےنوجوان سیاست اور ریاستی امور پر کھل کر بات بھی کرتے ہیں اور اپنی قیادت کو بہت سے معاملات میں چیلنج بھی کرتے ہیں۔

- Advertisement -

اس وقت بھی ہمارے نوجوان سب سے زیادہ مسائل کا شکار ہیں جس سے اُن میں مایوسی، نفرت، غصہ، انتشار اور عدم تحفظ جیسے بڑھتے ہوئے رحجانات دیکھے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج وقت بدل چکا، نوجوانوں کو بتانا ہوگا کہ سیاستدان ان کے بہتر مستقبل کیلئے کیا اقدامات کر رہے ہیں، سب کو کوشش کرنا ہوگی کہ سیاسی اکھاڑ پچھاڑ، الزام تراشیوں، لڑائی جھگڑوں سے لطف اندوز نہ ہوں بلکہ کچھ ایسا کریں کہ نفرتیں، لڑائیاں اور عدم برداشت ختم ہوں۔

پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا ہے کہ میرا مشن ملک کی خدمت اور سویٹ ہوم میں رہنے والے بچیوں اور بچوں کا مستقبل بہتر بنانا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574431

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں