وفاقی وزیر سید امین الحق سےجاپان کے سفیر کی ملاقات

74
وفاقی وزیر سید امین الحق سےجاپان کے سفیر کی ملاقات
وفاقی وزیر سید امین الحق سےجاپان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے جاپان کے سفیر کیننوری متسدا نے بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے جاپان کے سفیر کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

فریقین نے انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی ) کے میدان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔جاپان کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ملک میں آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی ترقی کے لیئے اقدامات جاری ہیں، پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں جاپان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیئے ماحول سازگار ہے، جاپانی کمپنیاں پاکستان میں آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا موجودہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں آئی ٹی برآمدات میں 40 فی صد اضافہ ہوا ہے، آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا وزارت آئی ٹی ملک کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کے لیئے اقدامات کررہی ہے۔

جاپانی سفیر نے کہا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لیئے وزارت آئی ٹی کا کردار قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔