وفاقی وزیر سید امین الحق نے این ٹی سی ہیڈ کوارٹر میں سائبر سکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا

151
وفاقی وزیر سید امین الحق
وفاقی وزیر سید امین الحق نے این ٹی سی ہیڈ کوارٹر میں سائبر سکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن(این ٹی سی)ہیڈ کوارٹر میں سائبر سکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر این ٹی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر معراج گل بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہاکہ وزارت آئی ٹی کے ادارے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے، سائبر سیکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد این ٹی سی کا ڈیٹا اور سرورز مزید محفوظ ہوگئے ہیں،

مانیٹرنگ سسٹم کے تحت این ٹی سی کے سائبر اسپیس اور ڈیٹا کی مکمل اور مربوط مانیٹرنگ ہوسکے گی، سسٹم کسی بھی ہیکنگ یا سائبر اٹیک کے بارے میں متعلقہ سیکشن کو فوری آگاہ کردے گا، یہ سسٹم این ٹی سی کے مجموعی نظام کو عالمی معیار کے مطابق مانیٹر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کی مسلسل کوشش ہے کہ این ٹی سی کو وقت کے تقاضوں کے لحاظ سے اپ ڈیٹ کیا جاتا رہے،

ڈیجیٹل دور میں جہاں ہر روز ایک نئی ایجاد و جدت سامنے آرہی ہے وہیں سائبر حملوں کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں، ان حملوں کی بروقت اور مؤثر روک تھام کیلئے سسٹمز کو اپ ڈیٹ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔دریں اثنااین ٹی سی اور چائنہ کی معروف کمپنی سن واک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔