وفاقی وزیر سید امین الحق نے گلگت بلتستان میں آئندہ تین ماہ کے دوران فور جی موبائل فون سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں

188

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے گلگت بلتستان میں آئندہ تین ماہ کے دوران فور جی موبائل فون سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ گلگت بلتستان میں آئی ٹی پارک کی تعمیر کا 98فیصد کام مکمل کرلیا گیا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر کو سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے بریفنگ دی۔ اجلاس وفاقی وزیرکی زیر صدارت بدھ کو وزارت آئی ٹی کے کمیٹی روم میں منعقدہوا جس میں اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن(ایس سی او) نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری منصوبوں کے بارے میں وفاقی وزیر آئی ٹی کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری وزارت آئی ٹی شعیب احمد صدیقی اور ڈائریکٹر جنرل اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) میجر جنرل علی فرحان بھی موجود تھے۔ اسپیشل کمیونیکشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ گلگت اور مظفر آباد میں آئی ٹی پارکس پراجیکٹس کے بارے میں بتایا کہ گلگت میں آئی ٹی پارک تکمیل کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2 جی ٹاورز کو تیزی سے 4 جی میں تبدیل کررہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے ہدایت جاری کی کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 3 ماہ میں 4 جی نیٹ ورکنگ کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ گلگت میں آئی ٹی پارک اور انکیوبیشن سینٹرز کا قیام سہولیات کی فراہمی میں اہم قدم ہوگا۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں آئی ٹی پارک کیلئے زمین کیلئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے بات کی جائے گی۔ سید امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا تیز ترین انٹرنیٹ اور بلاخلل موبائل رابطے علاقے کے عوام کا حق ہے۔ سید امین الحق نے کہا کہ سول و ملٹری تعاون سے دشوار گزار علاقوں میں ٹیلی کمیونیکشن کے مسائل کا حل خوش آئند ہے، آئی ٹی منصوبوں کی تکمیل میں پاک فوج کا کردار و تعاون قابل ستائش ہے۔ سید امین الحق نے کہا کہ عوام آئندہ چند ہفتوں میں آئی ٹی پارکس کے افتتاح کی خوشخبری سنیں گے، علاقے کے طالب علموں اور کاروباری حضرات کو ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کردیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت پسماندہ و دور دراز علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو بتایا گیا کہ گلگت میں آئی ٹی پارک پر 98 فی صد کام مکمل ہو گیا ہے اور گلگت میں انکیوبیشن سنٹر بھی اس سال کے آخر میں مکمل ہو جائے گا۔ اجلاس میں وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران بھی موجودہ تھے۔