وفاقی وزیر سیفران انجینئر امیر مقام نے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے خیبرپختونخوا کے مختلف پریس کلبوں کے نمائندوں میں مالی گرانٹ کے چیکس تقسیم کئے

2
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاستی و سرحدی امور (سیفران) و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے خیبرپختونخوا کے مختلف پریس کلبوں کے نمائندوں میں مالی گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے۔چیک تقسیم کرنے کی یہ تقریب پارلیمنٹ ہائوس میں وفاقی وزیر کے چیمبر میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر نے مالی امداد کے چیکس پشاور، مردان، شانگلہ، ٹانک، بنوں اور جمرود کے پریس کلبوں کے عہدیداران کو دیئے۔

اس تقریب کا مقصد مقامی صحافیوں کی خدمات کو سراہنا اور علاقائی میڈیا اداروں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے جمہوریت اور شفافیت کے فروغ میں صحافت کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہمیشہ جمہوری اقدار کی پاسداری میں ایک مضبوط ستون رہا ہے، یہ امداد صحافیوں کی قربانیوں اور خدمات کے اعتراف کے طور پر دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خاص طور پر دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں پریس کلبوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ ایک باخبر معاشرہ اور قومی ترقی کے لیے آزاد اور مضبوط میڈیا ناگزیر ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات سینیٹر زاہد خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی جمشید خان مومند ، فقیر محمدخان، سردار اعظم خان آفریدی ، سابقہ ایم پی اے بلاول آفریدی، یوتھ میڈیا ٹیم کے مرکزی صدر علی خان یوسفزئی اور مسلم لیگ (ن) ٹانک کے صدر سمیع اللہ برکی بھی شریک تھے۔

چیک وصول کرنے والے پریس کلبوں کے نمائندوں نے وفاقی وزیر اور وزارت اطلاعات و نشریات کا شکریہ ادا کیا اور اس مالی گرانٹ کو بروقت اور حوصلہ افزاء قرار دیا۔یہ اقدام وفاقی حکومت کے اس وسیع تر وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد پورے ملک میں ایک آزاد، ذمہ دار اور مالی طور پر مستحکم میڈیا کا فروغ ہے۔