وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کی عبداللہ عبداللہ سے ملاقات

110

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان اور افغانستان نے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کر لیا۔ یہ اتفاق رائے جمعہ کو وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ کی جینوا میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کے دوران ہوا۔ افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو افغان مہاجرین سے متعلق چار فریقی اجلاس میں شرکت کیلئے جینوا میں ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماوں نے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی عزت و احترام کیساتھ واپسی کے حوالے سے امور پرتبادلہ خیال کیا۔ عبداللہ عبداللہ نے گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے کرادار کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت نے افغان مہاجرین کی ملک واپسی کا دو ٹوک فیصلہ کیا ہے اور ان کی افغانستان میں دوبارہ آباد کاری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔