وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کی میڈیا سے گفتگو

130

اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف قوم کے ہیرو ہیں انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جو کام کئے ہیں قوم ان کی خدمات کو مدتوں یاد رکھے گی، ایسے جرنیل صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے ملک میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس سے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں مدد ملی جس سے فاٹا ، کراچی اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ملک کے ہیرو بن چکے ہیں آنے والے دنوں میں قوم ان کو یاد رکھے گی، جنرل راحیل شریف نے دہشتگردی کا قلع قمع کیا، ا ن کی تین سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، ان کے دور کو کسی کے ساتھ میچ نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے جنرل مدتوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔