اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے اسلام آباد کے سیکٹر H-11 میں زیر تعمیر نیشنل پولیس ہسپتال کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران احسن اقبال نے ہسپتال کی تعمیراتی پیش رفت کو حوصلہ افزاء قرار دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل جون 2026ء تک ہر صورت ممکن بنائی جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ ہمارے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم قدم ہے جو ریاست کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے سنجیدہ عزم کی غمازی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس ہماری داخلی سلامتی کی اولین دفاعی لائن ہے اور ان کی صحت و تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
احسن اقبال نے منصوبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 250 بستروں پر مشتمل یہ جدید ہسپتال ہوگا،اس میں جنرل میڈیسن، سرجری، ایمرجنسی اور ہنگامی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی ،ہسپتال کی تکمیل سے تقریباً 12,000 پولیس اہلکاروں کو براہ راست جدید ترین طبی سہولتیں حاصل ہوں گی۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ نیشنل پولیس ہسپتال کا منصوبہ مئی 2023ء میں منظور کیا گیا تھا، اس کی بروقت تکمیل ہمارا قومی فریضہ ہے، یہ منصوبے عوام کے ٹیکس سے تعمیر ہوتے ہیں اور یہ ہمارے لیے ایک قومی امانت کی حیثیت رکھتے ہیں جن کی حفاظت اور تکمیل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
اس موقع پر منصوبے کے انجینئرز، متعلقہ وزارتوں کے افسران، آئی جی اسلام آباد اور دیگر حکام نے بریفنگ دی اور تعمیراتی عمل کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔احسن اقبال نے منصوبے میں شفافیت، معیار اور رفتار برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پائیدار بنیادوں پر تکمیل ہی معاشرے کے کمزور طبقات کی بہتری اور ریاستی اداروں کے استحکام کی ضامن ہے۔