وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی کے علاقائی ڈائریکٹرپیو اسمتھ کی ملاقات

87

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون،انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ایشیا اور بحرالکاہل کے لیے اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) کے علاقائی ڈائریکٹر پیو اسمتھ نے جمعہ کو ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور یو این ایف پی اے کے درمیان صنفی مساوات، زچہ و بچہ کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی، اور نوجوانوں کے فروغ جیسے اہم سماجی ترقیاتی امور میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا تاکہ پاکستان کے آبادیاتی مسائل کو علاقائی اور عالمی سطح پر موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔

وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر نے پاکستان کے سماجی اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیار کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے تحت صنفی فرق اور سماجی ترقی کے مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملیوں کو اپنانا ضروری ہے۔ اس مقصد کے تحت، وزارتِ انسانی حقوق، مقامی اور عالمی شراکت داروں کے تعاون سے صنفی بنیاد پر تشدد (جی بی وی ) کے خاتمے کے لیے مردوں اور لڑکوں کو بھی معاون بنا رہی ہے۔

یو این ایف پی اے اور پاکستانی این جی او روزن کے اشتراک سے تیار کردہ "نیشنل اسٹریٹجی فار میل انوالوومنٹ ان ایڈریسنگ جی بی وی” معاشرتی روایتی تصورات کو چیلنج کرنے اور تشدد کی روک تھام میں مردوں کی ذمہ داری کو فروغ دینے کا ہدف رکھتی ہے۔وفاقی وزیر نے دیگر اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ساتھ جاری شراکت داریوں پر بھی روشنی ڈالی جو کہ صنفی مساوات اور انسانی حقوق کے فروغ میں معاون ہیں، جن میں یو این ویمن، یونیسف، اور یو این ڈی پی کے ساتھ مشترکہ منصوبے شامل ہیں۔

ان شراکت داریوں کا مقصد ایسے دیرپا اثرات پیدا کرنا ہے جو خاص طور پر اُن علاقوں میں درپیش چیلنجز کا سامنا کریں جہاں ثقافتی رکاوٹیں اور محدود وسائل صنفی مساوات کے فروغ میں رکاوٹ بنتی ہیں۔یہ ملاقات پاکستان اور یو این ایف پی اے کے درمیان ایک مشترکہ وژن کی نمائندگی کرتی ہے جس کا مقصد ایک زیادہ مساوی اور شمولیتی معاشرے کا قیام ہے۔