اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔دونوں رہنمائوں کے مابین ملک کے قانونی اور عدالتی نظام پر بھی بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ قانونی اصلاحات پر جاری کام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ٹیکس کے نظام سے متعلق اصلاحات سے ٹیکس کی بنیاد کو بہتر بنانے میں معاونت ملے گی جس سےمعیشت ترقی کرے گی۔ انہوں نے متبادل تنازعات کے حل کے نظام (ADR)اور آٹومیشن سسٹم سمیت متعارف کرائی گئی اصلاحات کے بارے میں بات کی۔
وزارت قانون و انصاف ملک میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے قانونی معاونت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ آخر میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔