
اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرسینیٹر شبلی فراز نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ذمہ داری تفویض کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت سونپی۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات کی حیثیت سے میرے دور میں تمام میڈیا مالکان، سی ای اوز، بیورو چیفس، ڈائریکٹر نیوز، ٹی وی اینکرز، بیٹ رپورٹرز اور صحافیوں نے تعاون کیا جس پر ان کا مشکور ہوں۔ میں ہمیشہ ان پر اعتماد کرتا رہوں گا۔
سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اطلاعات و نشریات کی وزارت کے قلمدان کی بھی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات ان کی طرف سے وزارت اطلاعات میں شروع کئے جانے والے اقدامات پر وہ ان سے تعاون کرتے رہیں گے۔