اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت حج پالیسی 2023ء سے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد ہفتہ کو یہاں وزارت خزانہ میں ہوا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فنانس طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری فنانس اور وزارت خزانہ و وزارت مذہبی امور کے اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے شرکاء کو حج پالیسی 2023ء پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ رواں سال پاکستان سے کتنے عازمین حج کی درخواستوں کی وصولی متوقع ہے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ رواں سال تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے وفاقی وزیر خزانہ کو زرمبادلہ کے بعض مسائل کے حوالہ سے آگاہ کیا اور ان کی معاونت طلب کی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حج ایک مذہبی فریضہ ہے جو ہر صاحب حیثیت مسلمان کو ادا کرنا چاہئے اور ہم اللہ کے فضل و کرم سے اپنا کردار بخوبی ادا کریں گے۔ وزیر خزانہ نے حج کے مذہبی ایونٹ کو کامیاب بنانے اور عازمین حج کو ہر طرح کے مکمل تعاون کی فراہمی کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے وزیر خزانہ کے تعاون پر ان سے اظہار تشکر بھی کیا۔