وفاقی وزیر شازیہ مری سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی ملاقات

72

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ، شازیہ مری سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈارٹرزمیں ملاقات کی۔وفاقی وزیر، شازیہ مری نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے حکومت آسٹریلیا کی جانب سے 20 لاکھ امریکی ڈالر کی انسانی امداد کے اعلان پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ تباہ کن صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی کارروائیاں شروع کر دیں ہیں اور اس وقت ملک بھر 400 سے زائد ادائیگی مراکز قائم کئے جاچکے ہیں جن کے تحت 69 اضلاع میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیاں چل رہی ہیں۔

شازیہ مری نے نیل ہاکنز کو پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر کے عہدے پر تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جس کی جڑیں باہمی مفادات، عوام سے قریبی رابطوں اور کرکٹ کے لیے مشترکہ جذبات پر مبنی ہیں ۔

دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔شازیہ مری نے جون 2022 میں برلن میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے حالیہ اجلاس کے دوران آسٹریلیا کی حمایت کو سراہا۔پاکستان کے پاس ہنر مند انسانی وسائل کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہے اور پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اقتصادی، تجارت، تعلیم، دفاع، زراعت، موسمیاتی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک جامع شراکت داری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔