وفاقی وزیر شازیہ مری کی غریبوں کے فائدے کیلئے تیزی سے کام کرنے کی ہدایت

73

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی وفاقی وزیر شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ذیلی تنظیموں کو فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری کوششوں سے زیادہ سے زیادہ غریب مستفید ہو سکیں۔ ٹرسٹ فار والنٹری آرگنائزیشن کی جانب سے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ محترمہ شازیہ عطا مری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی کو تعارفی پریزنٹیشن دی گئی۔

ٹی وی او کے سی ای او نے بتایا کہ یہ تنظیم حکومت اور یو ایس ایڈ کے مابین سپیشل ڈویلپمنٹ فنڈز کے معاہدے کے تحت بنائی گئی تھی تاکہ پاکستان میں این جی او کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کی جا سکے۔ ٹی وی او کے بنیادی مقاصد غریبوں کی آمدنی میں اضافہ، خواتین کو بااختیار بنانا، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم تک رسائی ہے۔

معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ ٹی وی او کی پاکستان بھر میں نمائندگی ہے اور تنظیم نے اپنے شراکت داروں کے ذریعے مجموعی طور پر 529 منصوبے بنائے ہیں۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر پاکستان کے دیہی اور شہری علاقوں میں 1,422 منصوبوں کے ذریعے 1.27 ارب روپے کی فنڈنگ کی گئی ہے۔

ٹرسٹ کو ملک بھر میں 1,204 پراجیکٹ پارٹنرز اور 269 تحصیل نیٹ ورک پارٹنرز کی مدد حاصل ہے اور 15,000 سے زائد رضاکاروں کو معاشرے کے مختلف طبقات سے مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔