اسلام آباد ۔ 22 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو 5سال کی آئینی مدت کے لیے منتخب کیا ہے جسے پورا کیا جائے گا۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018ءکے آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں عوام کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔