وفاقی وزیر شفقت محمود کی میڈیا سے گفتگو

93

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) عام انتخابات 2018ءکے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے ٹی او آرز بنانے کے لئے قائم ذیلی کمیٹی کا دوسرا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ آرٹیکل 225 کی تشریح کی جائے گی، تشریح کے لئے مرکزی کمیٹی کے چیئرپرسن کو خط لکھا جائے گا جس میں پوچھا جائے گا کہ کیا آرٹیکل 225کے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ کی کمیٹی یا ادارہ الیکشن کے بارے میں کسی بھی قسم کے سوال اٹھا سکتا ہے یا نہیں، ہم نے مرکزی کمیٹی کے چئیرپرسن پرویز خٹک کو اس حوالے سے خط لکھا ہے تاہم ابھی اس کا جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا ارادہ اس عمل کو آگے بڑھانے کا نہ ہوتا تو حکومتی ارکان یہ کہہ سکتے تھے کہ جب تک آرٹیکل 225 کے حوالے سے کوئی ایڈوائس نہیں آ جاتی ہم آگے نہیں بڑھیں گے مگر ہم نے ایسا فیصلہ نہیں کیا، آئینی ریفرنس آئے یا نہ آئے ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی یہ سمجھتے ہیں انتخابات شفاف ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہماری جماعت نے انتخابات سے متعلق تحقیقات کے لئے کمیٹی بنانے پر اعتراض نہیں کیا۔