لاہور۔21 ستمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن لوگوں کو ناموس رسالت پر اکٹھا کرکے مذہبی کارڈ استعمال کر رہے ہیں‘ ان کو عبدالغفور حیدری کے ذریعے پیغام پہنچایا ہے کہ وہ نرم جگہ پر پاﺅں نہ رکھیں ورنہ سیا سی طور پر بری طرح ضائع ہو جائیں گے اور سیاسی پارٹیاں بھی ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہوں گی‘ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ میں مظلوم ،بے کس اور بے سہاراکشمیریوں کا کیس بھرپور انداز میں پیش کریں گے‘ سی پیک منصوبے کو پیک کر دینے کا تاثربے بنیاد ہے‘ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ 52 سال بعد سلامتی کونسل میں وزیر اعظم عمران خان لے کر گئے‘ کشمیر پر سودے بازی کرنیوالے زہریلا پراپیگنڈا کر رہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ وہ کل بھمبر ، سماہنی جاکر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرینگے‘ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کی قیادت میں بھرپور طریقے سے کشمیر کا کیس آگے جائیگا اور کشمیر کو آزادی دلا کر رہیں گے‘ انہوں نے کہاکہ پاکستانی فوج ٹارگٹ کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے‘ بھارت کی طرف سے اگر کوئی حملہ ہوتا ہے تو وہ خود نیست و نابود ہو جائیگا