وفاقی وزیر شیری رحمان اور معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کی پریس کانفرنس

352
عمران خان کا پاکستان،افغانستان خارجی امور اور دہشت گردی متعلق بیان قابل مذمت ہے،شیری رحمنٰ

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیلاب سے ملک کا 30 فیصد حصہ اور3کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ گلوبل وارمنگ کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ایک کروڑ 50لاکھ لوگوں کو سیلاب کی وجہ سے غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

جمعہ کو بلاول ہائوس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے دہشت گردی کے خلاف لڑتی آرہی ہے، سوات کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 67 ارب 10 کروڑ روپے مستحقین میں تقسیم کئے گئے ہیں۔خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کی ذمہ دار وہاں کی کی حکومت ہے۔

شیری رحمان نے اس موقع پر کہا کہ جمعہ کو پیپلز پارٹی کا پارٹی اجلاس ہو اجس میں پیپلز پارٹی کے وفاقی وزراء اور معاونین نے شرکت کی ۔اجلاس میں حالیہ سیلاب کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک کے تیس فیصد حصے اور3 کروڑ 30 لاکھ لوگوں کو متاثر کیا۔ساری دنیا میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،جس سے گلوبل وارمنگ کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ سندھ میں ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔سردیاں آرہی ہیں اور کچھ ایسے علاقے بھی ہیں جہاں تاحال پانی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ساڑھے تین کروڑکسان متاثر ہوئے ہیں۔

سیلاب کی وجہ سے ایک کروڑ 50لاکھ خوراک کی قلت کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثر ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربی کے موسم میں بھی اس کے اثرات مرتب ہونگے بعض جگہوں پر تاحال پانی موجود ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کے 89 فیصد گھر نابود ہوچکے ہیں۔ ایک سوال پر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشت گردی کیخلاف لڑتی آئی ہے،اور سوات میں حالیہ دہشت دہشتگردانہ واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے۔سوات میں دوبارہ دہشت گردی سر اٹھا رہی ہےجس کی ذمہ دار کے پی کے کی موجودہ حکومت ہے۔پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں دہشتگردی کا مسئلہ اٹھائے گی۔ایک اور سوال پر شیری رحمان نے کہا کہ چوہدری اعتزاز احسن کیخلاف پنجاب کے عہدیداران نے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے تاہم پارٹی کی جانب سے چوہدری اعتزاز احسن کیخلاف ابھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ” ہماری سیاست کا بیانیہ ہے کہ لوگوں کی مدد کریں اور ہم اس مشکل کی گھڑی میں ان کیساتھ کھڑے ہیں”۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی احتجاج کیا لانگ مارچ کیا اور ایک گملہ تک نہیں ٹوٹا۔کسی کو دارالحکومت میں غل غپاڑہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔انہو ں نے کہا کہ پی ٹی آئی فسطائیت کو فرغ دے رہی ہے، اور اپنی ہی عوام میں زہر ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ملک میں خون خرابے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے رانا ثناء اللہ خود ہی نمٹ لیں گے وہ جانتے ہیں کہ اس سے کیسے نمٹنا ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملکی معیشت تباہ کردی حکومت میں آنے سے ہمارا سیاسی نقصان ہوا ہے۔ہم نے اقتدار ملک کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے لیا۔عمران خان نے ملک کو عالمی دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش کی۔ عمران خان کے اپنے صدر نے اعتراف کیا ہے کہ کوئی عالمی سازش نہیں تھی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیلاب کے بعد بی آئی ایس پی نے سیلاب زدگان کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے بی آئی ایس پی کی جانب سے 70 ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی نے 67 اعشاریہ ایک ارب روپے تقسیم کردئیے ہیں، باقی رقم بھی جلد متاثرین میں تقسیم کردی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں حالیہ دہشتگردی کی نئی لہر کا ذمہ دار صوبائی حکومت کو قرار دیدیا ہے۔ نااہل صوبائی حکومت کی وجہ سے لوگ دہشتگردی کا نشانہ بن رہے ہیں ایک طرف لوگ سیلاب اور دہشتگردی کا شکار ہورہے ہیں تو دوسری جانب عمران خان جلسے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سات حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں جس کا نتیجہ دو دن میں آجائیگا۔

عمران خان نے اب ویڈیوز لیکس کا واویلا شروع کردیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ چور کی داڑھی میں تنکا، ملکی سیاست کو برا بھلا کہنا اور گالم گلوچ عمران خان نے شروع کرائی۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اسلام آباد میں پرامن احتجاج کیا اور جلسہ کرکے واپس چلے گئے۔پی ٹی آئی کا ماضی کا ریکارڈ برا ہے یہ غل غپاڑہ کرتے ہیں۔پر امن احتجاج سب کا حق ہے۔اب ڈی چوک والا دور چلا گیا کسی کو بھی خون خرابہ نہیں کرنے دیں گے۔