اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برفانی تودہ گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ پر دلی صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کو مسلسل قدرتی آفات کا سامنا ہے، عالمی برادری کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات لینے ہونگے۔
پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ برفانی تودہ گرنے سے استور میں 11 افراد جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ سے دلی صدمہ ہوا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں بازیاب زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کو مسلسل قدرتی آفات کا سامنا ہے۔ پاکستان 7000 سے زائد گلیشیئر کا ملک ہے، لیکن ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ ہمارے شمالی علاقاجات میں برفانی تودے گرنے اور گلاف کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہمارے گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کا پاکستان پر براہ راست اثر قابل تشویش ہے۔ عالمی دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات لینے ہونگے۔