وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان کی بیلا روس کے سفیر آندرے ارموچ سے ملاقات میں گفتگو

126
APP19-14 ISLAMABAD: November 14 - Andrei Ermolovich, Ambassador of Republic of Belarus called on Federal Minister for National Food Security & Research Sahibzada Muhammad Mehboob Sultan. APP

اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں زرعی انقلاب اور کسانوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں بیلا روس کے سفیر آندرے ارموچ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ بیلا روس کے معاشی قونصلر ولادی میر پایاسویو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں دونوں جانب سے زرعی تعاون کے معاملات زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور موجودہ حکومت ملک میں زرعی انقلاب اور کسانوں کی حالت بہتر بنانے میں پُرعزم ہے، دونوں ممالک میں زرعی ترقی کیلئے مختلف ایم او یوز پر پہلے سے ہی دستخط ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے آئندہ منعقد ہونے والے 5ویں اجلاس کے بارے میں بات کی جس کا اگلے سال فروری میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت نے بیلا روس کے زرعی وزیر کو پاکستان کے دورہ کی دعوت کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ دونوں جانب سے ٹیکنالوجیز، مشینری، ڈیری پروسیسنگ اور بیج کی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ حاصل ہو۔