
اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی اور پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے راولپنڈی میں مختلف ڈسپنسریوں کا دورہ کیا اور وہاں پر مریضوں کودی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا کہ راولپنڈی کی 7 ڈسپنسریوں میں سے 5 ڈسپنسریوں کو 24گھنٹے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مریضوں کو بروقت علاج ومعالجہ کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔ وزیر صحت نے کہا کہ وفاقی حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی کام کر رہی ہے ماضی میں صحت کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت اور تعلیم دو اہم ستون ہیں اور صحت کے شعبے میں تبدیلی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں، ہسپتالوں میں جدید سہولیات اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، صحت کی سہولیات کے حوالے سے ہمارا فوکس غریب عوام ہیں جو گزشہ70سال سے محرومی کا شکار ہیں، غریب طبقے کو اس محرومی سے نجات دلائینگے، پاکستان کو خوشحال بنانا ہمارے قائد کا ویژن ہے وہ وقت دور نہیں جب صحت کی روشنی ہر گھر پھیلے گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے، ہم انشااللہ صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائینگے، اگلے 15ماہ کے اندر پاکستان کی 50فیصد آبادی ہیلتھ کارڈ سے مستفید ہوگی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اچانک پولی کلینک ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کی دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کے علاج و معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ عامرمحمود کیانی نے BedSole کے مریض کو فوری طور پر پلاسٹک سرجری ڈیپارٹمنٹ میں ریفر کرنے کا حکم دیا۔