وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے دو نئی ایمبولینسز ہولی فیملی ہسپتال کے حوالہ کردیں

118

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے دو نئی ایمبولینسز ہولی فیملی ہسپتال کے حوالہ کر دیں جو کہ ایم او ایل گروپ نے ہسپتال کےلئے بطور عطیہ دی تھیں۔ اس موقع پر ایم او ایل گروپ کے ریجنل وائس پریزیڈنٹ علی مرتضیٰ عباس بھی موجود تھے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر صحت عامر محمود کےانی نے ہولی فےملی کا دورہ کےا۔ اس دوران نعےم الحق بھی وفاقی وزےر صحت کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ وفاقی وزیر صحت نے ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کےلئے کوشاں ہیں، وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ہولی فیملی ہسپتال کا ترقیاتی کام 70 فیصد سے زائد کام مکمل ہوگیا ہے، ہولی فیملی ہسپتال میں خواتین کے وارڈ سو بیڈ اور بچوں کے وارڈ میں بھی سو بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ عامر محمود کیانی نے کہا کہ اب ایک بیڈ پر 2، 2 بچے یا خواتین کو رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ہسپتال میں صفائی کا نظام بہتربنا دیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور عملے کی ڈیوٹی کے اوقات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ مریضوں کی مشکلات کا بروقت ازالہ ہو اور جبکہ ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاج غریبوں کا حق ہے اور دکھی انسانیت کی مدد کرنا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے اور صحت کے شعبہ میں بہتری کےلئے انقلابی کام کر رہے ہیں۔