اسلام آباد ۔ 20 نومبر(اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں بہتری لانا حکومت کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے۔ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے انھوں نے پروگرام کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ پروگرام ملک میں بچوں کے بیماریوں سے بچاﺅ کا اہم ذریعہ ہے۔ ماں اور بچوں کو مہلک امراض سے بچاﺅ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پروگرام میں مزید بہتری کے لیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے،حکومت صحت کے بجٹ میں بھی اضافہ کرے گی تاکہ ای پی آئی پروگرام کو بخوبی چلایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اقبال درانی، نیشنل پروگرام منیجر ڈاکٹر ثقلین گیلانی اور پروگرام کے صوبائی منیجر اور افسران نے شرکت کی۔