
اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے وزارت صحت کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ صحت کے شعبے کو آگے لے جانے کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق تیز ترین کام کیا جائے۔ بدھ کو وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کے وزارت صحت کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کے کلچر کو بدلنا ہے اور اہداف کے حصول کے لیے انتھک محنت کرنی ہے۔ عامر محمود کیانی نے افسران کو کیسز فوری بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک سافٹ ویئر منےجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیادوں پر وزارت صحت کے مختلف دفاتر اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ صحت کا شعبہ انتہائی حساس ہے جس میں کسی قسم کا تعطل اور کوتاہی بہت مہنگی پڑ سکتی ہے۔ وزیر صحت نے اعلی افسران سے کہا کہ اپنے ماتحت عملے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ وفاقی وزارت صحت کے پاس ہسپتال اور کئی نئے ادارے آئے ہیں جن کو بہتر انداز میں چلانا متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں افسران کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔