راولپنڈی ۔ 23 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ عوام کو سستی معیاری علاج معالجے کی سہولیات کی بہم رسانی کے لیے حکومت جڑواں شہروں میں جدید سہولیات سے آراستہ پانچ جدید ہسپتال بنائے گی ،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا ترمیمی مسودہ آخری مراحل میں ہے ، ہیلتھ کارڈز کا اجراءٓآئندہ ماہ میں کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں تاجروں اور فارما سوٹیکل انڈسٹری سے وابستہ نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین میں ترامیم لائی جا رہی ہیں اور مسودہ تیار ہو چکا ہے جبکہ کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور یہ27 دسمبر کو نافذ کر دیا جائے گا۔ نئے قوانین کے تحت ہیلتھ کیئر ، کیمسٹ ڈرگسٹ اور فارما سے وابستہ شعبوں کو باقاعدہ بنانا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہیلتھ کیئر پر حکومتی کنٹرول کم سے کم ہو اور ریگولیٹری باڈی آزادانہ اور میرٹ پر کام کرے اور کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت میں حکومت نے پہلے سو دن میں ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے مانیٹرنگ کا جدید نظام بنایا جائے گا تاکہ جعلی ادویات کی روک تھام کی جاسکے۔انہوں نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا اور کہاکہ اجتماعی ذمہ داری کے تحت ڈسپینسری اور دسترخوان چلانا احسن اقدام ہے ۔ تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روات انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرڈ سٹیشن کی فراہمی اور رابطہ سڑک کے لیے چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا اور وزیر بجلی سے ملاقات بھی کروائی جائے گی۔قبل ازیں صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے چیمبر آمد پر وفاقی وزیرکو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ غیر روایتی شعبوں جیسے فارما ، قیمتی پتھر اور ماربل پر توجہ دے کر برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ روات انڈسٹریل سٹیٹ میں فارما کے یونٹس زیادہ ہیں ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے گرڈ سٹیشن فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر ایم پی اے عمرتنویر بٹ، سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور، مجلس عاملہ کے اراکین، فارما، کیمسٹ اور ڈرگسٹ کے نمائندے سمیت چیمبر ممبران موجود تھے۔