وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی بل گیٹس سے ملاقات، پولیو خاتمے کے حوالے اقدامات سے آگاہ کیا

131
وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی بل گیٹس سے ملاقات

دبئی/اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو کے خاتمےکیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے، ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے اور بچوں تک ویکسین کی 100 فیصد رسائی کو یقینی بنانےکیلئے اقدامات کئےجا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کے دوران کیا اور انہیں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کےحوالے سے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

وزیرصحت نے دبئی میں کوپ۔ 28 کانفرنس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کی اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر ندیم جان نے بل گیٹس کوپاکستان میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے، پاکستان پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے، اس ضمن میں بچوں تک ویکسین کی 100 فیصد رسائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے بعد دیگر پروگراموں میں پولیو ورکرز کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ماں اور بچے کی صحت، غذائیت اور خاندانی منصوبہ بندی کے پروگراموں میں کارکنوں کی خدمات لینے کیلئے جامع منصوبہ بنایا ہے۔ بل گیٹس نے وزیر صحت کے جامع منصوبے کی تعریف کی۔ ڈاکٹر ندیم جان نے بھی پولیو کے خاتمے کیلئے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے تعاون کو سراہا۔