وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے صدر ایف پی سی سی آئی کے وفد کی ملاقات

148

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ملک میں توانائی کی زیادہ قیمتوں کی وجہ سے انڈسٹریز بند، معیشت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، توانائی کی قیمتوں کو علاقائی ممالک کے برابر لانا ہو گا ،ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے انڈسٹریلائزیشن کی طرف جانا ہوگا۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت بجلی ٹیرف میں ریلیف فراہم کرے تو بزنس کمیونٹی ایکسپورٹ کا 60 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرسکتی ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت عوام اور تاجروں کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور سرمایہ کاری کے لئے خصوصی اقتصادی زونز قائم کر رہی ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت انڈسٹری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، برآمدات بڑھا کر ہی معاشی ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔