اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کا شعبہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسلام آباد کو صحت کی سہولیات کے لحاظ سے ماڈل سٹی بنایاجائے گا،قومی ادارہ برائے معذور افراد کی بحالی (نرم) کی نئی عمارت کاافتتاح آئندہ ماہ کردیا جائے گا، سرکاری ہسپتالوں میں لیبز، آپریشن تھیٹرز، وارڈز، سی ٹی سکین اور دیگر ٹیسٹوں کے لئے جدید مشینری سمیت صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنایا جارہا ہے، قبائلی اضلاع میں تمام لوگوں کو صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو صحت کی سہولیات کے لحاظ سے ماڈل شہر بنانا میرا مشن ہے جس کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات دیں۔