اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی نے کہا کہ فارما انڈسٹری ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت اس صنعت کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی، فارما سوٹیکل انڈسٹری کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت ہرممکن کوشش کرے گی تاکہ یہ صنعت بہتر ترقی حاصل کر کے برآمدات کے فروغ میں مزید فعال کردار ادا کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے اہم فارما مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔