اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے کویت کے سفیر عبدالرحمن جاسر المطیری نے ملاقات کی ۔
ملاقات میں کویت اور پاکستان کے مابین "جی ٹو جی” اور” بی ٹو بی” کی بنیاد پر منصوبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور کویت کے سفیرعبدالرحمن جاسر المطیری کے مابین زیادہ مربوط انداز میں آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نےکویت اور پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر بات چیت کی۔
اس موقع پر کویتی سفیر عبدالرحمن جاسر المطیری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی مضبوطی اور باہمی اشتراک میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ کویتی سفیر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کویت کے پاکستان سے تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، تمام معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، کویتی اداروں کی جانب سے تمام معاہدوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے۔
کویتی سفیر نے وفاقی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کویت مستقبل میں پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔کویت کے سفیر نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے حالیہ دورہ کویت سے تعلقا ت کے فروغ میں خاطر خواہ مدد ملی۔