33.2 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا نسٹ میں ٹیکا کے تعاون سے جدید...

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا نسٹ میں ٹیکا کے تعاون سے جدید اناطولو کریئیٹر لیب کا افتتاح

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):پاکستان میں اختراع اور ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے بدھ کو نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی )، نسٹ میں جدید ترین "اناطولو کریئیٹر لیب” کا افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ ترکیہ کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے جسے ترکیہ کا امدادی ادارہ ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (ٹیکا ) سپانسر کر رہا ہے اور یہ پاکستان و ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تکنیکی اشتراک کی علامت ہے۔

افتتاحی تقریب میں ترک سفیر عرفان نذیراوغلو، نسٹ کے پرو ریکٹر ڈاکٹر عثمان حسن، شمالی ترک جمہوریہ قبرص کی سفیر دلشاد شینول، اور ٹیکا کی کنٹری ڈائریکٹر صالحہ تُنا سمیت دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی تاہم تقریب کا مرکزی محور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی شرکت اور ان کا وژن رہا۔ وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اناطولو کریئیٹر لیب صرف ایک سہولت نہیں بلکہ یہ ہمارے نوجوانوں کے لئے ایک انقلابی موقع ہے کہ وہ تحقیق، تجربے اور اختراع کے ذریعے عالمی ٹیکنالوجی منظرنامے میں قیادت کریں، یہ منصوبہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے اور ہم مل کر ایک علم و اختراع پر مبنی روشن مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

یہ لیب 120 مربع میٹر پر محیط ہے اور اس میں جدید تھری ڈی پرنٹرز، اعلیٰ معیار کے 3D اسکینرز، اسمارٹ بورڈز اور آرام دہ ورک سپیسز موجود ہیں جو اسے الیکٹرانکس، روبوٹکس، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور ڈیجیٹل ڈیزائن کے شعبوں میں کام کرنے والے طلبہ، محققین اور نوجوان کاروباری افراد کے لئے ایک متحرک مرکز بناتے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو جدید سہولیات اور پلیٹ فارمز تک رسائی فراہم کرنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو علاقائی اختراع کا مرکز بنانا چاہتے ہیں اور ایسے اشتراک اس خواب کی تکمیل کے لئے نہایت اہم ہیں۔ ترک سفیر عرفان نذیراوغلو نے کہا کہ یہ لیب تخلیقی تعاون کی ایک علامت ہے، ہمیں یقین ہے کہ یہ سرحد پار اختراع اور مسائل کے حل کے لئے ایک محرک کا کردار ادا کرے گی۔

ڈاکٹر عثمان حسن نے وفاقی وزیر اور ٹیکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ لیب نسٹ کے تحقیقی اور کاروباری ماحول میں قابلِ ذکر بہتری لائے گی۔ ٹیکا کی کنٹری ڈائریکٹر صالحہ تُنا نے کہا کہ اناطولو کریئیٹر لیب، ٹیکا کی پائیدار ترقی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے، ہم نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اور دونوں ممالک کے درمیان رشتوں کو مضبوط کرکے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

تقریب کا اختتام وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے لیب کے دورے، طلبہ اور محققین سے ملاقات اور حکومت کی مکمل حمایت کے اعادے کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیکا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590438

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں