41 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آذربائیجان کے سفارتخانہ آمد، سفیر سے ملاقات...

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آذربائیجان کے سفارتخانہ آمد، سفیر سے ملاقات ،پاکستان کا بھارتی حکومت کی بائیکاٹ مہم کے خلاف آذربائیجان سے اظہار یکجہتی

- Advertisement -

لاہور۔21مئی (اے پی پی):بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستان کا ساتھ دینے پر آذربائیجان سے سیاحت، تجارت اور دیگر امور میں بائیکاٹ مہم کے خلاف پاکستان نے بھرپور اظہاریکجہتی کیا ہے اور آذربائیجان کی حکومت اور عوام سے خیرسگالی کے جذبات کے اظہار کے لئے وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفارتخانے گئے جہاں انہوں نے سفیر خضر فرہادوف سے گرمجوشی سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے اپنے مکالمے میں کہا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کا ساتھ دینے کا شکریہ ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان بھی کسی موڑ پر پیچھے نہیں ہٹے گا اور آذربائیجان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلے گا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے آذربائیجان کے ساتھ سیاحتی ویزے منسوخ کرنا اور پروپیگنڈا پر مشتمل یکطرفہ منفی سوشل میڈیا مہم چلانا ان کے ہیجان کی عکاسی ہے

اور ہم سب جانتے ہیں کہ آذربائیجان کو صرف اور صرف پاکستان سے دوستی کے باعث نشانہ بنا یا گیا۔آذبائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آمد پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک نے پاک بھارت جنگ کے دوران اصولی موقف اپناتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا اور 10مئی کی کامیابی پر آذربائیجان کے عوام میں جوش و خروش دیدنی تھا۔انہوں نے کہا کہ دونو ں ممالک گہرے مذہبی، ثقافتی اور دوستانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے۔ خضر فرہادوف کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت آذربائیجان سے مخالفت کیلئے شوبز انڈسٹری کا بھی سہارا لے رہی ہے جبکہ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین ڈائریکٹ فلائٹ کا آغاز ہو چکا ہے جس کے دونوں ممالک کی سیاحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

- Advertisement -

اسی طرح پاکستان نے آذربائیجان کی بزنس کمیونٹی کے لئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس تشکیل دیا ہے اور آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے مابین دوستی، بھائی چارے اور دوطرفہ تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ آذربائیجان سفارتخانے آمد پر سفیر خضر فرہادوف اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے مابین انتہائی گرمجوشی کا اظہار کیا گیا اور ایک دوسرے کو پھول پیش کئے گئے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599821

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں