اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کی اپروول کمیٹی کا 9 واں اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں گلگت بلتستان سمیت صوبائی حکومتوں نے نمائندگی کی۔ اجلاس میں اہم محکمانہ فیصلوں سمیت "لینڈ لیز پالیسی” کی منظوری دے دی گئی۔ مزید برآں سپیشل اکنامک زونز کے ایکٹ میں ترمیم کر کے اجلاس بلانے کے نوٹس کو 21 سے کم کر کے 7 دن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ ان زونز کیلئے اہم پیشرفت کو بلا تاخیر مکمل کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے 35 صنعتی مراکز کا سروے مکمل ہونا، ان کے مسائل کی نشاندہی اور حل بہت بڑی پیش رفت اور اہم کامیابی ہے جس سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کم سے کم وقت میں سپیشل اکنامک زونز کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے اور بہتر معیار یقینی بنانے کے لئے اہم اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے صوبائی حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کو سپیشل اکنامک زونز کی سروے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اب ان صنعتی مراکز کا ڈیجیٹل ڈیٹا موجود ہے، یہ میوچل پراپرٹی ہے اور تمام متعلقہ ادارے اس سے مستفید ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تیزی سے امور نمٹانے کے لئے اپروول کمیٹی کا باقاعدگی سے اور بر وقت اجلاس ہونا انتہائی ضروری ہے، لہذا اس کمیٹی کا آئندہ اجلاس فروری میں دوبارہ طلب کیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز سے متعلق تمام امور کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے جو موجودہ تقاضوں کے عین مطابق ہے اور معیاری سہولیات سے آراستہ ان صنعتی مراکز میں دیگر ممالک سے سرمایہ کاری کے فروغ سے معاشی ترقی ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے غیر ضروری پیچیدگیوں کی بجائے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں جس کیلئے سپیشل اکنامک زونز میں ہر طرح کی انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ آ سکے۔ اپروول کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء نے حل طلب امور پر مثبت گفتگو کرتے ہوئے سپیشل اکنامک زونز کی موجودہ صورتحال پر غور و خوض کیا اور 18 نکاتی ایکشن پلان پیش کیا جبکہ سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اور سینئر افسران نے سپیشل اکنامک زونز اور محکمانہ امور پر اجلاس کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔