وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کا اجلاس،سپیشل اکنامک زونز کا سروے مکمل کر کے مزید اقدامات کا فیصلہ

123
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس، ملک بھر کے سپیشل اکنامک زونز کا سروے مکمل اور مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی ہدایت پرملک بھر کے سپیشل اکنامک زونز کا سروے مکمل کر کے مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس سروے میں فضائی جائزہ کے علاوہ ڈرون کوریج بھی شامل ہے جبکہ صنعتوں کے ا ن خصوصی مراکز میں وسائل اور مسائل کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔

اس امر کا اظہار بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کی۔ان سپیشل اکنامک زونزکے حوالے سے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان مراکز میں 150کے لگ بھگ مختلف اصلاحات لا رہے ہیں جبکہ سپیشل اکنامک زونزمیں ماحول دوست "گرین پاکستان انویسٹمنٹ”کی طرز پر کام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی زون کو پورٹ قاسم سے منسلک کرنے سمیت وہاں خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ان سپیشل اکنامک زونزمیں چین سے صنعتوں کی منتقلی کے لئے خصوصی اقدامات برؤئے کا ر لائے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ ان صنعتی مراکز میں ون ونڈو سمیت تمام سہولیات اور ممکنہ سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بورڈ آف انویسٹمنٹ ان زونز پر وزیر اعظم کے لئے پریزنٹیشن بھی تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی ان مراکز میں صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ 6ماہ کے اقدامات سے سپیشل اکنامک زونز میں ایک عرصے سے زیر التوا معاملات کو تیزی سے نمٹایا گیا ہے جو بہت بڑی کامیابی ہے۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرون ملک سے سرمایہ کاروں سے مربوط اور بھرپور رابطے یقینی بنائے جائیں اور ان غیر ملکی سرمایہ کاروں کا "پرائیڈ آف پاکستان "کے نام سے گروپ بنایا جائے تاکہ ان کی عزت افزائی ہو سکے۔

اسی طرح ان غیر ملکی سرمایہ کاروں کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کا بھی اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ایک ہفتے میں اس کام کو مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔اجلاس میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کی تعمیر سمیت آسان کاروبار ایکٹ 2024اور مختلف اہم محکمانہ امور پر غور و خوض کیا گیا اور وفاقی سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ نے اب تک کے اقدامات اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کو بریفنگ بھی دی۔