28.2 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے...

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات، حب پل کا افتتاح کیا ، این۔ 25 کوکراچی تا کوئٹہ دو رویہ کرنے کا اعلان

- Advertisement -

حب۔24اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان اور صوبہ سندھ کے سنگم پر دریائے حب این 25 پر 2022 کے سیلاب میں بہہ جانے والے نئے تعمیر شدہ حب پل کا وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے افتتاح کر دیا جس پر 1180ملین روپے لاگت آئی ہے اور 488میٹر طویل اس پل پر ٹریفک کی روانی سے کراچی سے گوادر تک تجارتی سامان کی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لئے وہاں کاروباری سرگرمیوں کا ہونا ضروری ہے، ہم دوسرے صوبوں سے ریونیو اکٹھا کر کے بلوچستان کی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا سب سے بڑا نیٹ ورک ساڑھے 4 ہزار کلومیٹر طویل بلوچستان کے صوبے میں ہے جہاں سے کم ٹول ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے دریائے حب پر نئے تعمیر شدہ پل کو ٹریفک کے لئے ناکافی قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ ایک اور پل کی تعمیر کا اعلان کیا۔ اسی طرح کراچی سے کوئٹہ کی شاہراہ این 25 جہاں ٹریفک کے دباؤ کے باعث حادثات ہوتے ہیں کو بھی دو رویہ بنانے کی منظوری دی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم بلوچستان میں نئے پل اور سڑکیں بنائیں گے جبکہ پنجرہ کے مقام پر بھی نیا پل تیار ہے جس کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کراچی، حیدرآباد موٹروے کو چھ لین کی طرز پر تعمیر کرنا چاہتے ہیں،اسی طرح نادرن بائی پاس کو بھی بڑی شاہراہ کے طور پر بنایا جائے گا۔انہوں نے حب پل کی تعمیر میں این ایل سی اور این ایچ اے حکام کو بہتر کارکردگی پر شاباش دی اور توقع ظاہر کی کہ اس رابطہ پل کی تعمیر کے بعد حب کا علاقہ ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔انہوں نے حب پل کی تعمیر اور بر وقت افتتاح پر عبدالعلیم خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے سے نہ صرف اس علاقے بلکہ صوبے بھر کے لوگوں کی مشکلات میں کمی ہوگی۔

وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان نے وفاقی وزیر مواصلات کو مکمل ہونے والے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ بعد ازاں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے نئے تعمیر شدہ حب پل کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔کراچی کے دورے میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور اُن سے صوبہ سندھ کی شاہراہوں اور شعبہ مواصلات سے متعلق امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر مواصلات نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کراچی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں مالیاتی استحکام ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے،اسی طرح این ایچ اے کو بھی اپنے وسائل میں خود اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں این ایچ اے سندھ 25ارب روپے کا ہدف حاصل کرے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے حکام کو صوبہ سندھ کے جاری 43 منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء و فاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان ایم کیو ایم کی ممبر قومی اسمبلی محترمہ رعنا انصار کی رہائشگاہ پر بھی گئے جہاں انہوں نے اُن کے جواں سال صاحبزادے شاہ زیب نقوی کی ناگہانی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ کے لئے ہمت اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے اُن سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516628

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں