13.8 C
Islamabad
پیر, فروری 24, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی وفد کے ہمراہ آذربائیجان سٹیٹ آئل فنڈ...

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی وفد کے ہمراہ آذربائیجان سٹیٹ آئل فنڈ کے سربراہ سے ملاقات،باہمی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مختلف امور پرغوروخوض

- Advertisement -

باکو۔23فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرنجکاری،سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے وفد کے ہمراہ باکو، آذربائیجان میں سٹیٹ آئل فنڈ کے سی ای او اسرافیل ماما دوف سے ملاقات کی اور اجلاس منعقد کیا جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف امور پر غور و خوض کیاگیا۔مراکش کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وفاقی وزیر عبدالعلیم خان باکو پہنچے جہاں انہوں نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان پاکستانی عوام کے دلوں کے انتہائی قریب ہے، ہمارے دوستانہ تعلقات بہتری اور مضبوطی کی طرف گامزن ہیں جس میں پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسلام آباد میں آذربائیجان۔پاکستان چیمبر آف کامرس کے مشترکہ قیام کے بعد سرمایہ کاروں کے لئے نمائشی مراکز کے قیام کے خواہاں ہیں تاکہ مصنوعات کو اچھے انداز میں شو کیس کیا جا سکے اور امپورٹ ایکسپورٹ میں اضافہ ممکن ہو۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے سٹیٹ آئل ادارے "سوفاز "سے کاروباری امکانات پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین شراکت داری نئے مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔

- Advertisement -

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں مواصلات کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کر سکتا ہے جس میں بالخصوص سندھ اور کراچی کی موٹرویزشامل ہیں جس سے پاکستان کو وسط ایشیائی ریاستوں سے منسلک ہونے میں مدد ملے گی۔باکو، آذربائیجان میں ہونے والے ان اجلاسوں میں آذربائیجان کے 33برس تجربے کے حامل ادارے”سوکار”کے پریزیڈنٹ روشان نجف اور سٹیٹ آئل فنڈ کے سی ای او اسرافیل ما ما دوف نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور اُن کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایس آئی ایف سی کے چیئرمین،وفاقی سیکرٹری صاحبان اور چیئرمین این ایچ اے بھی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے ہمراہ تھے جبکہ آذربائیجان کی طرف سے دونوں ممالک کے مابین حالیہ رابطوں کو خوش آئند قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا دورہ آذربائیجان اہم سنگ میل ہوگا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565166

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں