وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال

124

اسلام آباد ۔22نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ آئندہ سال مارچ سے قبل مردم شماری کرادی جائے گی‘ فوج کی خدمات کے بغیر کرائی جانے والی مردم شماری پر اعتماد نہیں کیا جاتا۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شیخ صلاح الدین نے تحریک پیش کی کہ یہ ایوان مردم شماری کے حوالے سے شماریات ڈویژن کی کارکردگی پر بحث کرے۔ انہوں نے اس پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت سے گزارش ہے کہ مردم شماری گزشتہ طریقہ کار کے تحت ہی کرالی جائے۔ نعیمہ کشور خان نے کہا کہ حکومت کو مردم شماری کے لئے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ جب تک آبادی کا درست تخمینہ نہیں ہوگا بجٹ سازی میں مشکلات پیش آئیں گی۔ مردم شماری کے لئے نادرا کی خدمات حاصل کی جائیں۔ فلس عظیم نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی کی ترقی کے لئے مردم شماری بہت ضروری ہے۔ اس سے اقلیتوں کی آبادی کا بھی درست تخمینہ لگایا جاسکتا ہے۔