اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ منگل کو وزارت اطلاعات میں اپنے دفتر آمد پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔عطا اللہ تارڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ہیں، وہ حلقہ این اے 127 لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔
ایوان صدر میں بحیثیت وفاقی وزیر حلف اٹھانے کے بعد آج منگل کو انہوں نے وزارت اطلاعات میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافی برادری کے لیے کھلے رہیں گے، ملک میں مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دینے اور حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نےکہا کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے لئے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے، میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، اس کردار کو بہتر طریقے سے نبھانے کی ضرورت ہے۔