اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر موثر سفارتکاری کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، متحرک سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، کشمیریوں کو حق خوداردایت دلوانے کے لیے تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے، کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے یوم یکجہتی کشمیر جمعہ کو بھرپور انداز سے منایا جائے گا ، ڈی چوک اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی ۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیرمنانے کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کے ایڈیشنل سیکرٹری ،جوائنٹ سیکرٹری ،پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی ، وزارت اطلاعات، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، سی ڈی اے، پی آئی ڈی اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت کی موثر سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بین الاقوامی برادری اور عالمی میڈیا اس دیرنیہ مسئلے کی حساسیت سے باخبر ہو رہے ہیں، انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں اور سفارتکاری کے باعث دُنیا سمجھ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی کا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے بلکہ یہ مسئلہ نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہونے کی وجہ سے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی انتہائی خطرناک ہو چکا ہے جس کے حل کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔