وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور کی گلگت بلتستان کے وفد سے گفتگو

93

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان کے عوام نے میرٹ کی پاسداری، کرپشن کے خاتمہ اور حکومتی امور میں شفافیت کی غرض سے پاکستان تحریک انصاف کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے اپنی بے پناہ کرپشن سے ملک کی جڑیں کھوکھلی کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ان جماعتوں کی قیادت اور سیاسی رہنما دوسروں کو شفافیت کا درس دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سالوں سال برسر اقتدار رہنے والی جماعت پیپلز پارٹی نے صوبے کا جو حشر کیا ہے وہ آج پوری پاکستانی عوام کے سامنے ہے، آج صوبہ سندھ اور اس کا دارالخلافہ کراچی پیپلز پارٹی کی نااہلی اور کرپشن کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا کرپشن کے باوجود ان کی قیادت ابھی بھی لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہے اور ان کے گلگت بلتستان میں نمائندے اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کےلئے دوسروں کو شفافیت کا درس دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے اس نے ہر سطح کی کرپشن کے خاتمہ کےلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں اور آج گلگت بلتستان میں جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں میں بھرپور شفافیت کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی منصوبوں میں شفافیت کو برقرار رکھنے اور کرپشن کے خاتمہ کےلئے متعلقہ اداروں کو بھرپور کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا یہ وژن ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منصوبوں پر خرچ ہونے والے فنڈز درحقیقت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی عوام کی امانت ہیں اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کا یہ حق ہے کہ وہ ان فنڈز کے درست استعمال سے متعلق اپنی قیادت سے پوچھ گچھ کریں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کے وژن اور شفاف قیادت کی بدولت انہیں یقین ہے کہ گلگت بلتستان کے پیش آمدہ انتخابات میں تحریک انصاف کی حکومت بھرپور انداز میں کامیاب ہو گی اور عوام کے خزانہ کے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور معدنیات کے حوالے سے معاشی ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جو کہ نہ صرف گلگت بلتستان میں ترقی کی ایک مضبوط بنیاد بن سکتی ہے بلکہ گلگت بلتستان پاکستان کی معاشی ترقی کا بیس کیمپ کی صورت میں بھی سامنے آ ئے گا۔