وفاقی وزیر علی حیدر زیدی سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات، میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال

81

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے کہا ہےکہ بلیو اکانومی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتی ہے ۔ وفاقی وزیر سید علی حیدر زیدی سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں سعودی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بارے میں بات کی تاکہ میر ی ٹائم سیکٹر سے بے پناہ باہمی فائدے حاصل کئے جا سکیں۔سعودی سفیر نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے ساتھ اقتصادی تعلقات قائم کرنے پر بھی زور دیا۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے سعودی سفیر کے ساتھ بلیو اکانومی کے بارے میں اپنا وژن شیئر کیا اور انہیں بندرگاہ کی تمام حالیہ پیشرفت اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی بلیو اکانومی نہ صرف پاکستان میں ترقی کے نئے راستے کھول رہی ہے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا وزارت کے دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اپنی وزارت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔