اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئر نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کے پٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں تیل، گیس اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں رہنمائوں نے پائیدار توانائی کی ترقی، تکنیکی تبادلے اور پاکستان کے توانائی کے ڈھانچے میں برطانوی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر پٹرولیم نے توانائی کے تحفظ اور موثر استعمال کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا اور پٹرولیم کے شعبے میں برطانوی مہارت کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں تاکہ پائیدار ترقی اور مشترکہ اقتصادی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔جو موئر نے پاکستان میں توانائی کے شعبے کی صلاحیت بڑھانے اور توانائی کی منتقلی کے عمل میں برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ، پاکستان کے ساتھ توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید طریقوں اور سرمایہ کاری کے ذریعے تعاون کا خواہاں ہے، ہم ان منصوبوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں جو اقتصادی استحکام اور استعداد کار میں بہتری لائیں۔
ملاقات میں پالیسی فریم ورک، ریگولیٹری اصلاحات اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان ممکنہ مشترکہ منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو اسٹریٹجک تعلقات کے تحت مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔