28.8 C
Islamabad
پیر, مارچ 31, 2025
ہومتازہ ترینوفاقی وزیر علی پرویز ملک سے ڈنمارک کے سفیر کی ملاقات، ڈینش...

وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے ڈنمارک کے سفیر کی ملاقات، ڈینش کمپنی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران سو پاکستانی انجینئرز کے لئے تربیتی پروگرام کا اعلان کرے گی

- Advertisement -

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور پاکستان میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں ڈینش ٹیکناولوجی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ڈینش ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری سے مستفید ہو کر معدنی وسائل کے پروسیسنگ کو بہتر بنانے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ڈینش سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو آسان بنانے کے لئے حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے ڈینش کمپنیوں بشمول ایف ایل اسمتھ کو 8-9 اپریل 2025 کو ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر ڈینش کمپنی ایف ایل اسمتھ کی خدمات کو سراہا گیا جو پائیدار کان کنی کی ٹیکنالوجی میں نمایاں مقام رکھتی ہے ۔

- Advertisement -

ایف ایل اسمتھ کے سیمنٹ کی پیداوار، معدنیات کی پروسیسنگ اور کاربن کے اخراج میں کمی کے جدید حل پاکستان کے اہداف کے مطابق ہیں جو کہ معدنی صنعتوں میں کارکردگی بڑھانے اور ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے پر مرکوز ہیں۔ ڈنمارک کے سفیر نے پاکستان کی توانائی کی منتقلی اور صنعتی ترقی کے لئے ڈنمارک کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈنمارک پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بھرپور شرکت کرے گا ۔ ایف ایل اسمتھ ایک تربیتی پروگرام بی آر آئی ایم ایم (بریڈشا ریسرچ انیشیٹو فار منرلز اینڈ مائننگ) کا آغاز کرے گی جس کے تحت سو پاکستانی انجینئرز کو تربیت دی جائے گی۔ ایف ایل اسمتھ پاکستان کے معدنی شعبے میں پہلے ہی 5 شراکتی معاہدے کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینش کمپنیاں گرین مائننگ ، آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن میں اپنی مہارت پاکستان کے ساتھ بانٹنے کے لئے پرعزم ہیں تاکہ پاکستان اپنے معاشی اور ماحولیاتی اہداف حاصل کر سکے۔ ڈینش شپنگ کمپنی میرسک نے پہلے ہی گہرے سمندر کے بندرگاہ میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے اور گرین امونیا کے ساتھ جہازوں کی ری سائیکلنگ اور ری فیولنگ کے کام کا ارادہ رکھتی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577014

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں