اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی)کے صدر ڈاکٹر محمد الجیسر جو افغانستان کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لئے چار روزہ دورے پر اسلام آباد میں ہیں، نے وفاقی وزیر برائے اقتصادیات عمر ایوب خان اور گورنر اسلامی ترقیاتی بینک سے وزارت اقتصادی امور میں ملاقات کی۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان جاری اقتصادی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے۔ آئی ڈی بی 57 اسلامی ممالک کے اراکین پر مشتمل ایک اہم کثیر الجہت ترقیاتی بینک ہے۔ پاکستان آئی ڈی بی کی فنانسنگ سے استفادہ کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ آئی ڈی بی نے آغاز سے اب تک پاکستان کے لئے 13.6 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان کیلئے قرضے توانائی، صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ، صحت اور مالیاتی خدمات کے تمام اہم شعبہ جات کا احاطہ کرتے ہیں۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے پاکستان کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے کے اپنے بھرپور عزم کی یقین دہانی کرائی۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجیسر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی بینک پاکستان کا صف اول کا ترقیاتی شراکت دار ہے اور حکومت پاکستان کے ترقیاتی وژن اور ترجیحات کا بھرپور حامی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ اسلامی بینک ترقی پذیر ڈھانچے، سماجی شعبہ کی ترقی اور پائیدار اقتصادی نمو کے حصول کیلئے مزید مالی وسائل کی فراہمی جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اسلامی ترقیاتی بینک پٹرولیم مصنوعات کی درآمد سمیت دیگر تجارتی ضروریات کیلئے نجی قرضوں کی فراہمی کیلئے بھی تعاون جاری رکھے گا۔ ملاقات کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان کوویڈ۔19 ویکسین کی خریداری کیلئے 72.5 ملین ڈالر کی فنانسنگ کے ایک معاہدہ پر بھی دستخط کئے گئے۔ کوویڈ ۔19 کی ویکسین کی خریدارکی کیلئے اس امداد سے وبا کے پھیلائو کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
صدر آئی ڈی بی نے مزید بتایا کہ بینک نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 180 ملین امریکی ڈالر کی فنانسنگ کی بھی منظوری دی ہے۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کی اسلام آباد آمد اور پاکستان کے لئے ان کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران کوویڈ ۔19 پر قابو پانے ، بحالی اور ویکسین کی خریداری کیلئے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کے اسلامی ترقیاتی بینک کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس تعاون سے زندگیاں اور ذریعہ معاش بچانے میں مدد ملی ہے۔
وفاقی وزیر نے مستقبل میں ملک کی مالیاتی ضروریات پوری کرنے میں تعاون کی یقین دہانی پر بھی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جیسے کلین اینڈ گرین توانائی کی ترقی کے منصوبوں کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون کو بھی سراہا جس سے نہ صرف 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی بلکہ پاکستان کے آبی ذخائر کی گنجائش میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ کا بھی اضافہ ہو گا۔ اس اقدام سے غذائی تحفظ کو استحکام ملے گا اور پشاور کے شہریوں کو 13.32 کیوسک پینے کا صاف پانی بھی میسر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم سے مقامی افراد کے لئے براہ راست روزگار کے 6 ہزا رمواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور نے مشکل کی اس گھڑی میں مالی تعاون کی فراہمی کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر اور ان کی ٹیم کی کوششوں اور کردار کو سراہا۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور آئی ڈی بی کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ ترکی اور دیگر رکن ممالک کی طرح پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کا علاقائی دفتر موجود نہیں ہے۔ تبادلہ خیال کے دوران وفاقی وزیر اقتصادی امور نے بینک کے ساتھ بہتر تعاون اور شراکت کے لئے اسلام آباد میں علاقائی دفتر کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔