اسلام آباد ۔ 27 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سستی توانائی کی طرف بڑھ رہے ہیں‘ اپوزیشن اسی لئے خوفزدہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اسی تیزی سے آگے بڑھتی رہی تو آئندہ ان کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گی‘ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کے بلوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا‘ اسی طرح کم گیس استعمال کرنے والے صارفین بھی گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی طرف سے پاور ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن کے مطالبات زر پر کٹوتی کی تحاریک پر بحث کو سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کے منہ سے سچ نکل آیا ہے اور انہوں نے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھایا۔ ماضی میں الفاظ کے گورکھ دھندے کی وجہ سے سچ ان کے منہ سے نکل آیا ہے۔