
پشاور۔یکم دسمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر عمرایوب نے کہا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث افرادکے ساتھ بلاتفریق آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹاجائیگا کیونکہ بجلی چوری نے ملکی معیشت اور خزانے پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پروزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان ،صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اوردیگرمتعلقہ حکام بھی موجودتھے۔وفاقی وزیر عمرایوب نے کہا کہ بجلی کی چوری کی وجہ سے گردشی قرضے میں خطرناک حد1300ارب تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جوکہ ملکی معیشت کیلئے کسی بھی صورت میں اچھاشگون نہیں ہے، پیسکو کا بجلی چوری کی وجہ سے ماہانہ خسارہ 4 ارب تک پہنچ چکاہے جس میں بنوں ریجن ،مردان اورپشاورکے کچھ علاقے کا 3.7 ارب کاخسارہ بھی شامل ہے ۔