
اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):پی آئی اے سے رضاکارانہ ملازمتوں سے برخاستگی سکیم کے تحت مستفید ہونے والے افراد کو رقوم کی ادائیگیوں کے جائزہ کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی سربراہی میں منعقد ہوا ، رقوم کی ادائیگیاں پی آئی اے، وزارت ہوابازی اور اکاونٹنٹ جنرل آف پاکستان کے باہمی تعاون سے اگلے ہفتے شروع کر دی جائیں گی۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے یہاں جاری اعلامیہ میں پی آئی اے نے وضاحت کی ہے کہ پی آئی اے نے حکومتی منظوری کے بعد سکیم متعارف کروائی جس سے تقریباً 2000 لوگوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی طرف سے 6۔9 ارب روپے وزارت ہوابازی کو جاری کردیئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس سکیم کے پیسوں کی ادائیگیوں کو اکاونٹنٹ جنرل کے آڈٹ سے منسلک کردیا گیا ہے، اس عمل سے ممکنہ دیر پر پی آئی اے انتظامیہ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اس عمل کے جائزہ کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں وفاقی سیکٹری ایوی ایشن، سی ای او پی آئی اے نے شرکت کی ۔ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے اور بتایا گیا کہ پی آئی اے نے پیسوں کی ترسیل کیلئے نیشنل بنک آف پاکستان کا کراچی میں خصوصی اکاونٹ قائم کر دیا ہے، خصوصی اکاونٹ اے جی پی کا زونل آفس کنٹرول کرے گا۔ رقوم کی منتقلی خصوصی اکاونٹ میں منتقل کرد ی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ رقوم کی ادائیگیاں پی آئی اے، وزارت ہوابازی اور اکاونٹنٹ جنرل آف پاکستان باہمی تعاون سے آئندہ ہفتے سے شروع کردی جائیں گی۔